بلوچستان موت اور خوف کی وادی بن چکا ہے جہاں ہر طرف قتل و غارت گری کا بے رحم بازار گرم ہے، صوبے کا ہر شہر اور گلی کوچہ عملاً نوگو ایریا بن چکا ہے، جمعیت علماء اسلام


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، اختر جان مری، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان موت اور خوف کی وادی بن چکا ہے جہاں ہر طرف قتل و غارت گری کا بے رحم بازار گرم ہے۔ حکومتی نااہلی اور امن و امان کی مسلسل ابتر صورتحال کے باعث بلوچستان کا ہر شہر اور گلی کوچہ عملاً نوگو ایریا بن چکا ہے جہاں عوام کی جان و مال محفوظ نہیں اور ہر طرف خوف و ہراس کی کیفیت طاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی تمام تر توجہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے بجائے ریڈ زون اور اہم سرکاری عمارات کے حفاظتی حصار تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ادیواروں کے پیچھے مزید دیواریں کھڑی کرکے حکمران اپنے تحفظ کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں جبکہ عوام آگ اور بارود کے شعلوں میں موت و زندگی کی کشمکش سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی انتظامی کمزوری اور امن و امان کے عملی انتظامات کے فقدان کے باعث بلوچستان کے مختلف شہروں شاہراہوں اور دور دراز علاقوں میں شہریوں کے جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ آئے روز پیش آنے والے واقعات نے عوام میں شدید اضطراب اور عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔ حکومت محض بیانات اور رسمی اقدامات کے بجائے اپنی ذمہ داری کا عملی مظاہرہ کرے۔

WhatsApp
Get Alert