بدامنی، اغوا، بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضوں کے خلاف ضلع کوئٹہ کا جرگہ جعمرات کو ہو گا: پشتونخوامیپ
جنوبی پشتونخوا کے عوام کی متفقہ آواز اور آئندہ کا لائحہ عمل آج طے کیا جائے گا، نواب ایاز خان جوگیزئی صدارت کریں گے

عوام، قبائلی عمائدین، تاجر اور وکلاء کثیر تعداد میں شرکت کر کے جرگہ کو کامیاب بنائیں
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرئوف لالا ، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریزبشیر کاکڑ ایڈووکیٹ، حضرت عمر ایڈووکیٹ، اقبال بٹے زئی ،حفیظ ترین اور ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔ جنو بی پشتونخوا کے عوام اور پشتون قومی جرگہ کے سہ روزہ انعقاد کے فیصلوں کی روشنی میں ضلع کوئٹہ کے جرگہ کی تمام تر تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ جرگہ آج 17ستمبر بروز جمعرات سہہ پہر 3بجے شالکوٹ شادی ہال سبزل روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔جرگہ کی صدارت پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کرینگے۔ پارٹی کی جانب سے ضلع کوئٹہ میں جرگہ کے تمام شرکاء کو دعوت نامے پہنچا دیئے گئے ہیں ۔ جرگہ میں شرکاء شرکت کرکے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز پیش کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے حکمت عملی طے کرینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی دعوت پربنوں جرگہ منعقدہ11تا 14مارچ 2022کے فیصلوں کی روشنی میں 31,30اگست اور یکم ستمبر 2026کو کوئٹہ میں جنوبی پشتونخوا کے عوام اور پشتون قوم کا جرگہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدارت منعقد ہواتھا اور اس جرگہ میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر جرگہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ان ناموں کی فہرستوں ، دعوت ناموں کو مکمل کرکے جلد ہی ہر ضلع میںضلعی سطح پر جرگہ منعقد ہوگا جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین، دانشوروں، وکلائ، نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، تاجروں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے شرکت کرینگے اور جنوبی پشتونخوا اور بالخصوص اپنے اپنے ضلع وعلاقوں میں جاری بدامنی ،اغواء برائے تاوان ، لوٹ مار ،چوری ، ڈکیتی، مسلح جتوں، بھتہ خوری، قتل وغارت ، قبضہ گیری ، شاہراہوں کی بندش ، امن و امان،زمینوں ، پہاڑوں ،جنگلات کے غیر آئینی وغیر قانونی انتقالات /الاٹمنٹس ،تجارت کی بندش، معاشی، سماجی ، قومی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض اور اپنی قیمتی آراء اور تجاویز کی روشنی میں متفقہ طور پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔ اس سلسلے میں آج ضلع کوئٹہ کا جرگہ 17ستمبر کو منعقد ہونے جارہا ہے ۔بیان میں جرگہ کے تمام شرکاء سے بروقت شرکت کی استدعا کی گئی ہے ۔ اجلاس میں جرگہ میں خدمات کے حوالے سے تشکیل دی گئی ہے اندراج ، استقبالیہ، سیکورٹی ،میڈیا سمیت مختلف کمیٹیوں کے اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر 1بجے جرگہ ہال میں اپنی شرکت کو یقینی بناکر اپنی ذمہ داریوں کو جرگہ کے اختتام تک بخوبی سرانجام دیں۔
