کوئٹہ سمیت بلوچستان سے 8 لاکھ افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے، کمشنر کوئٹہ کا انکشاف

واپس جا کر دوبارہ پاکستان آنے والے افغان مہاجرین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، محکمہ داخلہ سے ہدایات طلب


کوئٹہ میں اب بھی 23 ہزار افغان مہاجرین موجود، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں جاری
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت غیر ملکیوں اور افغان مہاجرین کی واپسی، جاری کارروائیوں اور پیش رفت کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میر اللہ بادینی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ، اسپیشل برانچ، پولیس، ایف آئی اے،نادرا ،محکمہ داخلہ، اقوامِ متحدہ کے افغان مہاجرین سے متعلق اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے اب تک کی جانے والی کارروائیوں، انتظامی اقدامات، پیش رفت، درپیش مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر سے اب تک تقریباً 8 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے، جبکہ کوئٹہ میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان مہاجرین رضاکارانہ واپسی یا انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں افغانستان واپس جا چکے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی سمیت متعلقہ اداروں پر مشتمل مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ کوئٹہ میں اس وقت تقریباً 23 ہزار افغان مہاجرین باقی ہیں جن کی واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کے دوران درپیش مختلف انتظامی اور عملی مشکلات پر بھی غور کیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ واپسی کے عمل کو قواعد و ضوابط کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایسے افغان مہاجرین جو واپسی کے بعد دوبارہ پاکستان آ رہے ہیں یا جن کی دوبارہ آمد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ان کے خلاف کارروائی کے حوالے سے محکمہ داخلہ سے باقاعدہ ہدایات حاصل کی جائیں گی، جس کے بعد قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے اور حکومتی احکامات و پالیسی کے مطابق کارروائیوں کو آگے بڑھایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert