سیاسی احتجاج کی آڑ میں ٹرانسپورٹ روکنا سمجھ سے بالاتر ہے، رانا محمد اسلم

کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر رانا محمد اسلم نے کراچی پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی احتجاج کے پیش نظر بیس پچیس روز قبل ہی گاڑیوں اور کینٹینرز کو روکنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جب کسی سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج یا جلسے کا اعلان کیا جاتا تھا تو عموماً ایک دو روز قبل گاڑیوں کو روکا جاتا تھا، تاہم اس مرتبہ کئی ہفتے پہلے سے ٹرانسپورٹ کے پہیے روکنے سے ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
رانا محمد اسلم نے کہا کہ جان بوجھ کر ٹرانسپورٹروں کو تنگ کرنا اور ان کے کاروبار کو متاثر کرنا ٹرانسپورٹ برادری کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ گاڑیوں اور کینٹینرز کو غیر ضروری طور پر روکنے سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ پورا سپلائی چین متاثر ہوتا ہے اور ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر پہلے ہی مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں طویل عرصے تک گاڑیوں کو روکنا ان کے لیے مزید مالی مشکلات پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ ہم گاڑیوں اور کینٹینرز کو فوری طور پر ریلیز کرنے اور ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو معمول کے مطابق جاری رکھنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
نومنتخب صدر کے جی سی اے نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا ازالہ نہ کیا گیا تو ٹرانسپورٹ برادری اپنے حق کے لیے بھرپور آواز بلند کرنے اور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو سیاسی سرگرمیوں کا نشانہ بنانے کے بجائے ان کے کاروبار اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
