یکم اکتوبر سے پاکستان کے فضائی راستوں میں بڑی تبدیلیاں نافذ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) یکم اکتوبر سے پاکستان کے فضائی راستوں میں بڑی تبدیلیاں نافذ کردی گئیں، ، اس کے علاوہ تمام ہوائی اڈوں کے مواصلاتی رابطے منقطع ہونے سے متعلق طریقہ کار میں بھی ترمیم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یکم اکتوبر سے ملک میں فضائی راستوں کی حدود میں اہم تبدیلیاں نافذ ہوں گی، اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ فضائی راستوں L124 اور M504 کی حدود میں تبدیلی کی جائے گی، جبکہ N893 اور N894 کے روٹس کی حدود بھی تبدیل ہوں گی۔
نوٹم میں کہنا تھا کہ فضائی راستوں P757 اور T385 کی حدود میں بھی تبدیلیاں نافذ کی جائیں گی، اس کے علاوہ تمام ہوائی اڈوں کے مواصلاتی رابطے منقطع ہونے سے متعلق طریقہ کار میں بھی ترمیم کردی گئی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ڈی جی خان، گوادر، کراچی، پشاور اور پسنی ایئرپورٹس کے فضائی اعدادوشمار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فضائی اعدادوشمار بھی اپ ڈیٹ کردیئے گئے ہیں۔
نوٹم کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے فضائی اعدادوشمار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جبکہ لاہور کنٹرول زون کی فضائی درجہ بندی دوبارہ مقرر کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈی جی خان ایئرپورٹ، پشاور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پسنی ایئرپورٹ کا فضائی ڈیٹا بھی اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نجی ہوائی اڈوں کے لائسنس کی مدت سے متعلق معلومات بھی اپ ڈیٹ کردی ہیں، نئی تبدیلیاں یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گی۔
