مستونگ کے علاقے کردگاپ میں کوئٹہ تفتان شاہراہ کا مرکزی پل دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا، ٹریفک معطل
نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کیے گئے دھماکے سے پل کو شدید نقصان پہنچا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دیں، پل کی بحالی اور ٹریفک کی روانی کے لیے اقدامات جاری
مستونگ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)گزشتہ شب مستونگ کے علاقے کردگاپ میں نامعلوم مسلح افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے کوئٹہ تفتان شاہراہ پر واقع مرکزی پل کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث کوئٹہ اور تفتان کے درمیان آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شاہراہ پر بڑی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں۔ واقعے کے بعد متعلقہ حکام اور سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ پل کی بحالی اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
