پنجاب پر مسلط لوگ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر چڑھ کر آئے ہیں ان کو عوام کی فکر نہیں، جنید اکبر

اس لیے وہ وہ سرکاری وسائل پر عیاشیاں کر رہے ہیں، خیبرپختونخواہ میں عوام کی حقیقی منتخب حکومت قائم ہے جہاں کسی قسم کی عیاشیاں نہیں ہوتیں اور عوامی وسائل کا تحفظ کیا جاتا ہے؛ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے پنجاب حکومت اور ملکی سیاسی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پر مسلط لوگ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر چڑھ کر اقتدار میں آئے ہیں، اسی لیے انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے اور وہ سرکاری وسائل پر عیاشیاں کر رہے ہیں، اس کے برعکس خیبرپختونخواہ میں عوام کی حقیقی منتخب حکومت قائم ہے جہاں کسی قسم کی عیاشیاں نہیں ہوتیں اور عوامی وسائل کا تحفظ کیا جاتا ہے۔


اینکرپرسن عاصمہ چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قید کے دوران ان کی عمران خان سے چار مرتبہ ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ہر بار ان کے بلند مورال اور چٹان جیسے حوصلے کو دیکھ کر وہ دنگ رہ جاتے تھے، عمران خان سخت ترین جیل کی صعوبتیں اور مشکلات برداشت کرنے کے باوجود باہر سے آنے والے رہنماؤں کو تسلی دیتے تھے اور ہدایت کرتے تھے کہ ظلم اور فاشزم کے سامنے ڈٹے رہو، یہ نا انصافی اور ظلم کا نظام زیادہ دیر نہیں چل سکے گا اور ملک میں ان شاء اللہ جلد قانون کی حکمرانی قائم ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں اور مخالفین کو اصل تکلیف اس بات کی ہے کہ وہ اتنے مظالم اور سخت حالات کے باوجود عمران خان کا روح اور جذبہ توڑنے میں مکمل ناکام رہے ہیں، جیل میں عمران خان کا ایک ایک لفظ اور بات ریکارڈ کی جاتی ہے، ملاقات کے دوران عمران خان نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں کہ جیل کے اس عرصہ تنہائی میں انہیں بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے جو شاید باہر رہتے ہوئے ممکن نہ ہوتا، اور وہ سارا دن اپنی ماضی کی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ آئندہ اقتدار میں ان غلطیوں کا اعادہ نہ ہو۔

WhatsApp
Get Alert