بلوچستان، راج ایریا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 23 مغوی بازیاب، 2 دہشتگرد ہلاک

خضدار(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں راج ایریا سے دشتِ گوران کی جانب کاؤنٹر ٹیررازم اور ریکوری آپریشن کے دوران 23 مغویوں کو کامیابی سے بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 18 ستمبر 2026 کو 1600 بجے راج ایریا سے دشتِ گوران کی جانب دہشتگردوں نے کوئٹہ سے خضدار جانے والے 6 خالی کنٹینرز کو روکا اور انہیں مغربی سمت لے جانے پر مجبور کیا۔
صورتحال کے بعد فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 کومبیٹ ٹیمیں تعینات کیں، جنہیں مزید 3 کومبیٹ ٹیموں کی کمک فراہم کی گئی۔
آپریشن کے دوران غیر مسلح فضائی نگرانی کے ذریعے تقریباً 7 کلومیٹر پر محیط علاقے میں اہداف کا سراغ لگایا گیا، جبکہ نگرانی کا دائرہ N-25 سے 20 کلومیٹر تک پھیلا ہوا تھا۔ فورسز نے مربوط تعاقب اور راستوں کی کلیئرنس کے ذریعے کارروائی جاری رکھی۔
کارروائی کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن کی شناخت ملا اور آزاد کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق گِران/ملبی کے علاقے سے بتایا گیا ہے۔ دونوں کی لاشیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ آپریشن میں 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا۔
کارروائی کے دوران تاوان کے لیے اغوا کیے گئے 23 افراد کو بھی کامیابی سے بازیاب کرا لیا گیا۔
آپریشن کے دوران 6 کنٹینرز، ایک بس اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ 2 مزید بسیں بھی ملیں جو پھٹے ہوئے ٹائروں اور خراب انجنوں کے باعث ناکارہ حالت میں تھیں۔
برآمد کیے گئے اسلحے اور دیگر سامان میں 2 موٹر سائیکلیں، ایک اسنائپر رائفل، ایک SMG، 2 دستی بم اور متعلقہ ٹیکٹیکل سامان شامل ہے۔
کارروائی کے نتیجے میں فوری ردعمل اور مغویوں کی بازیابی کے باعث فورسز کو نفسیاتی برتری حاصل ہوئی، جبکہ شہری مغویوں کی کامیاب بازیابی سے عوامی حمایت میں بھی اضافہ ہوا۔
آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور کارروائی کی آزادی محدود ہوئی اور مقامی سطح پر موجود اہم جرائم پیشہ و دہشتگرد عناصر کو غیر مؤثر بنایا گیا۔
