تنخواہوں کے قوانین میں بڑی ترامیم! ملازمین کے لیے بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی سول سروس میں اصلاحات کیلئے اسمارٹ اصلاحات پیکیج تیار کرلیا گیا ، تنخواہوں کے طریقہ کار کی تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سول سروسز میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے لیے ‘اسمارٹ اصلاحات پیکیج’ کی حتمی سفارشات تیار کر لی ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں قائم وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی کی تیار کردہ دستاویز میں بتایا گیا ان اصلاحات کے لیے آئین میں کسی ترمیم کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں 12 اور رولز آف بزنس 1973 میں 10 ترامیم سمیت 3 نئے قوانین متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔
کمیٹی نے پاکستان کے سول سروس نظام کو جدید بنانے کے لیے بھارت سمیت 25 ممالک کے ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔
سرکاری افسران کی ترقی، تعیناتی اور مراعات کو محض سینیارٹی کے بجائے ان کی کارکردگی اور عوامی نتائج سے مشروط کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ملازمین کی بھرتی اور تربیت کے دوران علاقائی، لسانی، صنفی اور طبقاتی بنیادوں پر مکمل مساوات یقینی بنائی جائے گی۔
کم از کم گریڈ 19 تک کے افسران کی تعیناتی کو متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے دائرہ کار تک ہی محدود رکھا جائے گا۔
سی ایس ایس امتحان میں روایتی ایک روزہ زبانی انٹرویو کے بجائے فوج کے آئی ایس ایس بی طرز پر امیدواروں کی صلاحیتوں کا کڑا جائزہ لیا جائے گا۔
ابتدائی سکریننگ ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس کی حد 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
امتحان سے نیگیٹو مارکنگ ختم کر کے امیدواروں کی تجزیاتی صلاحیت جانچنے کا نیا حصہ شامل کیا جائے گا۔
CSS کا بنیادی امتحان اور 5 پرچوں میں اردو و انگریزی کی عملی مہارت کی شرط برقرار رہے گی، تاہم کامیاب امیدواروں کو ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق متعلقہ مخصوص آسامی پر ہی تعینات کیا جائے گا۔
بھرتی کا پورا عمل طویل انتظار کے بجائے 6 ماہ یا اس سے کم مدت میں مکمل کرنے کی تجویز ہے۔
تجارویز کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف سے لی جائے گی، جس کے بعد اصلاحات پر بروقت عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ماہانہ بنیادوں پر وزیراعظم کو پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی پابند ہوگی۔
