وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اظہارِ تحسین

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے (چمن-کراچی، N-25) پر دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا، جو قابلِ تحسین ہے
دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن نقل و حرکت کو متاثر کرنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنایا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
