پرائیویٹ حج اسکیم، عازمین کے لیے بکنگ کی آخری تاریخ سامنے آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج کے لیے پرائیویٹ کمپنیوں کی بکنگ کا عمل جاری ہے اور اب تک پاک حج ایپ کے ذریعے 17 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 14 ارب روپے منتقل کیے جاچکے ہیں، جبکہ 6 ارب روپے ون لنک اور بینک کارڈز کے ذریعے آن لائن جمع ہوئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم میں اب بھی 54 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ خواہشمند عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کا حج پیکیج منتخب کرسکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج منظم کمپنی کا انتخاب اور حج پیکیج کی ادائیگی صرف پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے کسی فرد یا کمپنی کو براہ راست ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔ پاک حج ایپ کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے ادائیگی کرنے کی صورت میں فراڈ یا نقصان کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور پر عائد نہیں ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert