اگر بسیں چلانا ہی گڈ گورننس ہے تو انگریز سے آزادی کی ضرورت کیوں پڑی؟ اطہر کاظمی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اینکر پرسن اور تجزیہ کار اطہر کاظمی نے موجودہ دور کے ’گڈ گورننس‘ کے دعوؤں اور بیانیے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی و جمہوری حقوق کی پامالی، سیاسی پابندیوں اور جبر کی موجودگی میں محض سڑکیں یا بسیں چلانے کو کسی صورت گڈ گورننس کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ اس حوالے سے اپنے ویلاگ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر صرف ترقیاتی منصوبے بنانا ہی گڈ گورننس کا معیار ہوتا تو برصغیر میں سب سے بہترین گورننس انگریز دورِ حکومت میں تھی، انگریزوں نے ریلوے، نہری نظام، بیوروکریسی اور قوانین کا مضبوط فریم ورک قائم کیا مگر اس کے باوجود ہمارے آباؤ اجداد نے ان کے خلاف آزادی کی جدوجہد کی، اس کی بنیادی وجہ یہی تھی کہ انگریز دور میں سیاسی آزادیاں سلب تھیں، جلسے جلوسوں پر پابندی تھی، سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے تھے اور عوام کے حقوق کے بجائے حکمرانوں کا مفاد مقدم ہوتا تھا۔

اطہر کاظمی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی جانب سے گڈ گورننس کا جو چورن بیچا جا رہا ہے اگر اسے عقل کے ترازو میں تولا جائے تو پھر انگریز سے آزادی حاصل کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آتی، آزاد اور جمہوری معاشرے میں عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کا تحفظ ہی حقیقی گڈ گورننس کی بنیاد ہوتا ہے، جمہوریت میں گڈ گورننس اپنے ذاتی مفادات اور اقتدار کے تحفظ کے بجائے عوامی مفاد کا نام ہے، اگر سیاسی مخالفت پر پابندیاں لگا کر، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرکے، چھاپے مار کر اور گرفتاریوں کے ذریعے نظام چلانا ہی گڈ گورننس ہے تو یہ بالکل وہی استعماری طرزِ حکومت ہے جس کے خلاف ہمارے بزرگوں نے آزادی حاصل کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert