خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر فضل شکور کی مبینہ گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی

پشاور (قدرت روزنامہ) خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر فضل شکور خان کی موٹروے پر مبینہ گرفتاری کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی، جس میں سادہ کپڑوں میں ملبوس نقاب پوش افراد کو صوبائی وزیر کی گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کے بیان کے مطابق صوبائی وزیر فضل شکور کی سرکاری گاڑی کو موٹروے پر بلاجواز روکا گیا، نقاب پوش افراد نے کلاشنکوف کے زور پر گاڑی کے ٹائروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ٹائر پھٹ گئے اور گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، اس کے بعد فضل شکور کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ایک صوبائی وزیر فضل شکور کو موٹروے پر روکنا، مبینہ طور پر کلاشنکوف کے زور پر گاڑی کو روکنا، سرکاری گاڑی پر فائرنگ کرنا، ٹائروں کو نشانہ بنانا، جس کے نتیجے میں ٹائر پھٹ گئے اور گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، اور پھر صوبائی وزیر کو گرفتار کر لینا انتہائی تشویشناک واقعہ ہے۔
اگر ایک منتخب… pic.twitter.com/VwRTwTbQgi
— Abdul Ghani Afridi (@Abdulghani1116) September 21, 2026
واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ اگر ایک منتخب صوبائی وزیر کے ساتھ اس قسم کا غیر آئینی اور تشدد پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے گا تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس ملک میں عام پاکستانی کی جان و مال اور عزت کس حد تک محفوظ ہے، خدارا! اس ملک اور اس صوبے پر رحم کریں، سیاست کو سیاست رہنے دیں اور اختلافِ رائے کو بندوق، گولی اور ڈنڈے کے ذریعے دبانے کی کوشش مت کریں کیونکہ ایسے اقدامات سے ملک میں نفرت اور تصادم ہی پھیلے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم محبِ وطن پاکستانی ہیں اور اپنے تمام سیاسی اختلافات کو جمہوری طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں، عمران خان نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر پُرامن جدوجہد اور احتجاج کا درس دیا اور ہم قانون ہاتھ میں لیے بغیر اپنی آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے، سیاسی اختلاف کو جرم بنانا بند کیا جائے، طاقت کے بجائے آئین و قانون کی بالادستی قائم کی جائے کیونکہ ملک کو بندوق نہیں بلکہ انصاف اور آئین کی حکمرانی چاہیے۔
