حکومتی عدم توجہی، غیر قانونی ٹیکسز اور یوریا کھاد کی ترسیل پر پابندی کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کا سخت لائحہ عمل کا اعلان

مستونگ میں انتظامی افسران کی جانب سے مبینہ بھتہ خوری پر تشویش، چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل نہ ہوا تو ٹیکس ادا نہیں کریں گے: ملک نصیر شاہوانی


زرعی اجناس کی اسمگلنگ نے مقامی زمینداروں کی کمر توڑ دی، کھاد کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ
کوئٹہ(ڈیلی قدرت) زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان نے حکومت کی جانب سے زمینداروں کے 6 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر پیش رفت نہ ہونے، زرعی اجناس کی غیر قانونی اسمگلنگ، یوریا کھاد کی ترسیل پر پابندی، نام نہاد زرعی ٹیکس اور دیہی علاقوں میں بجلی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مثر اور منظم جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔اس بات کا فیصلہ پیر کو زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کا اجلاس چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت مرکزی دفتر کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، حاجی نور احمد بلوچ، سید عبدالقہار آغا، حاجی شیر علی مشوانی، حاجی عزیز سرپرہ، کاظم خان اچکزئی، سید صدیق اللہ آغا، عبداللہ جان میرزئی، عبدالغفار کاکڑ، معراج خان مندوخیل، خالق داد ملکیار، ملک اسد اللہ بنگلزئی، ارباب محمد عمر، فضل الرحمن بلوچ، چیئرمین اسماعیل بلوچ، میر احمد بنگلزئی، محبت خان لونی، عبد الولی، نثار احمد، حاجی عصمت اللہ موسی خیل سمیت مختلف اضلاع کے ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں حکومت کو پیش کیے گئے 6 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ اور اس پر حکومتی عدم پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے غیر ملکی زرعی اجناس کی اسمگلنگ، نت نئے ٹیکسز کے نام پر مبینہ طور پر غیر قانونی وصولیوں، یوریا کھاد کی ترسیل پر پابندی اور زمینداروں کو درپیش دیگر مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ شرکا نے مستونگ میں انتظامی افسران کی جانب سے گاڑیاں روک کر مختلف ناموں سے مبینہ وصولیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ صوبائی حکومت کس قانون کے تحت یکمشت رقم ٹیکس کے نام پر وصول کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت کو زمینداروں کو سہولیات اور وسائل فراہم کرنے چاہئیں، وہاں نئے ٹیکسز عائد کیے جا رہے ہیں اور ڈپٹی کمشنرز و انتظامی افسران کے ذریعے زمینداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ ایک جانب یوریا کھاد کی ترسیل پر پابندی عائد ہے جبکہ دوسری جانب یہی کھاد 8 ہزار سے 14 ہزار روپے تک میں باآسانی دستیاب ہے۔ شرکا نے سوال اٹھایا کہ اگر کھاد کی غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی جاری ہے تو اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے مثر میکنزم ضرور ہونا چاہیے، تاہم ترسیل پر مکمل پابندی سے صرف زمیندار مشکلات سے دوچار ہوں گے۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ نام نہاد زرعی ٹیکس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے ایک ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ کمیٹی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی ضلع اس وقت تک ٹیکس ادا نہیں کرے گا جب تک زمیندار ایکشن کمیٹی مرکزی سطح پر کوئی فیصلہ نہیں کرتے، مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور صوبے کی بڑی آبادی براہ راست یا بالواسطہ زراعت اور اس سے وابستہ کاروبار پر انحصار کرتی ہے، تاہم گزشتہ کئی برسوں سے زرعی شعبہ موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، پانی کی قلت، مہنگی بجلی، کھاد کی عدم دستیابی اور زرعی اجناس کی کم قیمتوں سمیت متعدد مسائل کا شکار ہے۔ بلوچستان میں مقامی فصلوں، سبزیوں اور پھلوں کی مارکیٹ میں آمد کے دوران ہمسایہ ممالک سے ٹماٹر، سیب، انگور، پیاز اور دیگر زرعی اجناس کی غیر قانونی آمد اور اسمگلنگ فوری طور پر روکی جائے۔ تمام چیک پوسٹوں اور داخلی راستوں پر مثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور مقامی زمینداروں کی پیداوار کو مارکیٹ میں ترجیح دی جائے، اس سلسلے میں زمیندار اپنی مدد آپ غیر ملکی اجناس کی اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنا رہے ہیں۔شرکا نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں 4 ہزار روپے میں فروخت ہونے والی کھاد کی بوری 8 ہزار سے 14 ہزار روپے تک میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں کھاد دکانوں کے بجائے گھروں سے فروخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کھاد کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مثر کارروائی کی جائے۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے 2022 سے 2026 تک شدید بارشوں، ژالہ باری، سیلاب اور تیز ہواں سے فصلوں اور باغات کو پہنچنے والے نقصانات کا ازسرنو شفاف سروے کرانے اور متاثرہ زمینداروں کو فوری مالی امداد و معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ شرکا نے بلوچستان میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ حکومت نئے چھوٹے اور بڑے ڈیم تعمیر کرے، موجودہ ڈیموں اور بارشی پانی ذخیرہ کرنے والے منصوبوں کی صفائی و بحالی کرے اور بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مثر منصوبہ بندی کی جائے۔ کمیٹی نے کہا کہ موسمی آفات، مہنگی بجلی، کھاد کی قلت، پانی کے بحران اور فصلوں کی کم قیمتوں کے باعث زمیندار پہلے ہی شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے میں اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ناقابل قبول ہے۔کمیٹی نے متاثرہ زمینداروں کے لیے فوری ٹیکس ریلیف، زرعی شعبے پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں کے خاتمے اور قدرتی آفات سے متاثرہ زمینداروں کے لیے خصوصی ٹیکس ریلیف پیکیج کا مطالبہ کیا۔زمیندار ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینداروں کے 6 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور زرعی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے زمیندار نمائندوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات کیے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نہ ہوا تو احتجاج سمیت قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا جائے گا اور آئندہ اجلاس میں سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اس سلسلے میں تمام اضلاع سے ایک نمائندے پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو قانونی چارہ جوئی کے ساتھ احتجاج سے متعلق امور طے کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert