’پی ٹی آئی والے الٹا بھی لٹک جائیں تو بانی کی رہائی ممکن نہیں‘

پشاور(قدرت روزنامہ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اپنے کیے کی سزا ملے گی، پی ٹی آئی والے الٹا بھی لٹک جائیں تو رہائی ممکن نہیں ہے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے عمران خان کو سزا نہیں دی تو پھر وہاں چڑھائی کیوں کی جارہی ہے، ان کی رہائی صرف عدالتوں سے ممکن ہے احتجاج سے نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن کی اشد ضرورت ہے، رات گئے بھی شہدا کے جنازے ادا کیے گئے ہیں، ہم جنازے اٹھا رہے ہیں اور صوبائی حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کررہی ہے، احتجاج سب کا آئینی حق ہے لیکن پہلے سے چڑھائی کی نیت ہو تو خطرناک ہے۔
گورنر کے پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور آپ اسلام آباد پر چڑھائی کررہے ہیں، اپنے شہریوں کو تحفظ دیں، اسلام آباد پر چڑھائی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی رہنما کو کبھی کسی فوجی جنازے میں نہیں دیکھا گیا، عمران خان کے نام پر پی ٹی آئی نے کرپشن کی دکان کھول رکھی ہے، نہیں چاہتے ہمارا صوبہ بند ہو کیونکہ ہم پہلے ہی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
