تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان مبینہ طور پر اغواء


پشاور (قدرت روزنامہ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع چارسدہ سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی فضل محمد خان کو مردان رنگ روڈ رشکئی انٹرچینج کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر اغواء کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے فضل محمد خان کی گاڑی کو رشکئی انٹرچینج کے قریب روکا اور ان کی گاڑی کے چاروں ٹائروں پر فائرنگ کی، جس کے بعد ایم این اے کو جبری طور پر ساتھ لے جایا گیا، اس واقعے کی خبر سامنے آتے ہی تحریکِ انصاف کے دیگر رہنماؤں اور اراکینِ اسمبلی کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایم این اے فضل محمد خان کی مبینہ جبری گمشدگی کا واقعہ انتہائی تشویشناک ہے اور اس قسم کے اقدامات سے صوبے کے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے اور بے اعتمادی مزید بڑھے گی، اربابِ اختیار خدا کیلئے خیبرپختونخواہ کو بلوچستان نہ بنائیں، اس قسم کے غیر آئینی اور غیر قانونی طرزِ عمل سے فوری طور پر گریز کیا جائے۔

قبل ازیں اسلام آباد پولیس نے ایم این اے عادل بازئی کو بھی گرفتار کرلیا، جس کے ساتھ ہی اسلام آباد سے گرفتار ممبران اسمبلی کی تعداد 6 ہوگئی، ان ممبران اسمبلی میں میاں احسن جمال، ثنا اللہ مستی خیل پہلے ہی گرفتار ہیں، سینیٹر سیف اللہ نیازی، غوث محمد، داوڑ کنڈی بھی تھری ایم پی او کے تحت گرفتار ہیں، تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق کو بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔

WhatsApp
Get Alert