کرم: طالبان کی اشتعال انگیزی، پاکستانی فورسز کے منہ توڑ جواب نے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں

کرم (قدرت روزنامہ)پاکستان افغانستان سرحد پر کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں اور فائرنگ کے مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے بعد وہاں سے فائرنگ کا سلسلہ خاموش ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان فورسز نے کرم سیکٹر میں سرحد کے ساتھ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی پوزیشنز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے مؤثر فائر کیا اور ان چوکیوں اور پوزیشنز کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کی جارہی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعلقہ پوزیشنز خاموش ہوگئیں، جبکہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے سرحد کے اپنی جانب کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے مزید کسی ممکنہ کارروائی کے پیش نظر ہائی الرٹ برقرار رکھا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ فائرنگ کا واقعہ مغربی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پیش آیا ہے۔ کرم سیکٹر اپنی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت کے باعث حساس تصور کیا جاتا ہے، جہاں پہاڑی علاقے میں قائم سرحدی چوکیوں کو ماضی میں بھی سرحد پار سے فائرنگ اور حملوں کی کوششوں کا سامنا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جولائی میں بھی افغان طالبان فورسز نے کرم میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں اور مارٹرز سے فائرنگ کی تھی۔ اس موقع پر پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں حملہ آوروں نے متعدد پوزیشنز چھوڑ دیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مغربی سرحد پر حالیہ صورتحال پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں بھی اہم ہے۔ اسلام آباد کی جانب سے متعدد مواقع پر افغان طالبان انتظامیہ پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دہشت گرد گروہوں کو افغان سرزمین پر کارروائیوں کے لیے جگہ فراہم کی جارہی ہے۔
حالیہ واقعے کے بعد مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال ایک بار پھر حساس ہوگئی ہے، جہاں پاکستانی فورسز کو سرحد پار فائرنگ کے ساتھ ساتھ افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خطرے کا بھی سامنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز کرم سرحد پر بدستور تعینات ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی مزید فائرنگ یا سرحد پار کارروائی کی صورت میں مؤثر جواب دینے کے لیے فورسز تیار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert