سانحہ زیارت ‘ مانگی ڈیم دہشتگرد حملے کی تحقیقات: سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں سے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے پر تحقیقاتی کمیشن کی شدید تشویش

سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کے ڈائریکٹر کوئٹہ سرکل ذاتی حیثیت میں طلب، مدارس کی رجسٹریشن پر جامع رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت


شہداء کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر پر برہمی، پولیس ڈیپارٹمنٹ رکاوٹیں دور کرنے کے لیے خصوصی دربار منعقد کرے: جسٹس محمد عامر نواز رانا
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) 22 ستمبر: ـمانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن، ضلع زیارت میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا نے آج مورخہ 22 ستمبر 2026 کو کھلی عدالت میں تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے سماعت کی۔سماعت کے دوران گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے۔مزید برآں، تحقیقاتی کمیشن نے اس امر پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا کہ دہشت گردانہ حملوں اور امن و امان سے متعلق ناخوشگوار واقعات کے بارے میں مختلف سوشل میڈیا صفحات پر جھوٹی، من گھڑت اور سنسنی خیز خبریں بلا روک ٹوک صوبے اور ملک بھر میں پھیلائی جا رہی ہیں، جو عوام میں خوف و ہراس اور مایوسی کا باعث بن رہی ہیں۔ جس سے عیاں ہوتا ہے کہ متعلقہ ذمہ دار ادارے اس قسم کی مہم جوئی کی باقاعدہ نگرانی، روک تھام اور سنسر کرنے کے لیے مطلوبہ اقدامات نہیں کر رہے، جس سے متعلقہ ذمہ دار اداروں کی کارکردگی اور امور کا طریقہ کار پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔لہٰذا اس حوالے سے تحقیقاتی کمیشن نے ڈائریکٹر، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، سرکل آفس کوئٹہ کو ہدایت جاری کی کہ اگلی تاریخ پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور اس سلسلے میں اب تک اٹھائے گئے ضروری اقدامات پر مبنی تحریری رپورٹ بھی ہمراہ لائیں۔علاوہ ازیں، شہداء کے لیے معاوضے کے پیکیج کی ادائیگی کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کے استفسار پر، شہداء کے لواحقین کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ کارروائی کی گزشتہ تاریخ پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ شہداء کے لواحقین کے نمائندوں اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) بلوچستان کے درمیان ملاقات کا انتظام کریں، لیکن اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔اس موقع پر، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (لیگل)، سی پی او، کوئٹہ نے کمیشن کو بتایا کہ شہداء کے قانونی ورثاء کے حق میں جانشینی سرٹیفکیٹ (Succession Certificates) کے حصول کے عمل میں کچھ نقائص/کمیوں کے باعث ادائیگی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا؛ انہوں نے تجویز دی کہ شہداء کے قانونی ورثاء معاملے پر مزید کارروائی کے لیے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو یہ سرٹیفکیٹ فراہم کریں۔جس پر تحقیقاتی کمیشن نے اے آئی جی پی (لیگل)، سی پی او کوئٹہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہداء کے سوگوار خاندانوں کو درپیش رکاوٹوں اور مشکلات کے حوالے سے ایک خصوصی دربار کے انعقاد کا انتظام کریں۔ اور کمیشن کے رجسٹرار/سیکرٹری کو بھی حکم دیا کہ اس سلسلے میں شہداء کے قانونی ورثاء کے نمائندوں، اے آئی جی پی (لیگل)، سی پی او کوئٹہ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ) بلوچستان کے مابین تعاون کے لیے رابطہ کاری کریں، تاکہ معاوضے کے پیکیج کی ادائیگی کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہو سکے۔19 ستمبر 2026 کے ایک حکم نامہ کی تعمیل میں، انچارج افسر ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے دینی تعلیم، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، ریجنل آفس کوئٹہ کمیشن کی معاونت کے لیے پیش ہوئے اور مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی۔جس پر تحقیقاتی کمیشن نے انہیں جامع رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایک ہفتہ کی مہلت دے دی۔

WhatsApp
Get Alert