اسلام آباد کی پلاننگ اور منصوبوں کا اختیار احسن اقبال کی بجائے محسن نقوی کے پاس پونے کا انکشاف

پلاننگ ڈویژن سے اختیار محسن نقوی نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے کہ وہ سب منصوبے بنائیں گے، وہی اپنے ٹھیکیدار چنیں گے، وہ شہر کا حلیہ اور ماحول تباہ کریں گے؛ سینئر صحافی رؤف کلاسرہ کی ایکس پوسٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف سینیئر صحافی اور تجزیہ کار رؤف کلاسرہ نے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے آئی ایم ایف مذاکرات میں کردار ادا کرنے کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے نئے اختیارات کا انکشاف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تبصرے میں رؤف کلاسرہ نے احسن اقبال کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے ایک کمال لطیفہ قرار دیا اور لکھا کہ جن کی اپنی انتظامی حدود اور اسلام آباد کی بنیادی پلاننگ میں کوئی سنتا تک نہیں اور نہ ہی انہیں فیصلوں میں شامل کیا جاتا ہے، وہ اب عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ اتنے اہم اور حساس مذاکرات میں اپنا کردار مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد کی ترقیاتی پلاننگ اور منصوبوں کا تمام تر اختیار پلاننگ ڈویژن کے بجائے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے، تمام اہم منصوبے، ٹھیکیداروں کا انتخاب اور فیصلے محسن نقوی خود کر رہے ہیں جس سے شہر کا ماحول اور حلیہ متاثر ہو رہا ہے، جب کہ وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، احسن اقبال کو آئی ایم ایف سے بات چیت میں بلاوجہ کا نقش جما کر کردار مانگنے کے بجائے پہلے محسن نقوی سے اپنے چھنے ہوئے آئینی و انتظامی اختیارات واپس لینے کی جنگ لڑنی چاہیے۔

علاوہ ازیں رؤف کلاسرہ نے تحریکِ انصاف کے 27 ستمبر کے مجوزہ احتجاج اور لانگ مارچ سے قبل وفاقی دارالحکومت کو مکمل طور پر سیل کرنے اور کنٹینر لگا کر بند کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خوف اور بدحواسی میں اسلام آباد کو ایک قید خانے میں تبدیل کردیا، بطور وزیر داخلہ یہ کام ماضی میں رحمان ملک، چوہدری نثار، شیخ رشید اور رانا ثناء اللہ بھی کرتے رہے مگر محسن نقوی اس شہر کو قید کرنے کے عمل کو ایک الگ ہی سطح پر لے گئے ہیں، اتنے خوفزدہ اور دہشت زدہ ہونے کی کیا ضرورت تھی کہ احتجاج سے دس دن پہلے ہی پورے شہر کو کنٹینرز لگا کر قلعے میں بدل دیا گیا، کچھ تو خود پر اور اپنے انتظامی نظام پر اعتماد کیا جاتا۔

WhatsApp
Get Alert