ماہی گیروں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں، ڈام بندر اور سونمیانی میں مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دی جائے گی: سائرہ عطا

ماہی گیروں کی فلاح اور بروقت مدد کے لیے شکایت سیل قائم کرنے کی ہدایت، ڈام بندر میں ایمرجنسی آلات کی عدم دستیابی پر اظہار برہمی


پینے کے پانی کی قلت اور اساتذہ کی غیر حاضری کے مسائل سنے گئے، آئندہ کھلی کچہری ماہی گیروں کو فرنٹ پر رکھ کر منعقد ہوگی
وندر(ڈیلی قدرت) کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے ساحلی علاقے ڈام بندر میں منعقدہ کھلی کچہری اور محکمہ فشریز و فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہی گیروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی ڈام بندر میں صرف محکمے موجود ہیں لیکن ان میں سانس اور روح نہیں ایمرجنسی کی صورت میں کسی کو ریسکیو کرنے تک کے آلات موجود نہیں صوبائی حکومت ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈام بندر اور سونمیانی میں جاری منصوبوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے گی جبکہ محکمہ فشریز میں بھی یہاں کے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لسبیلہ سراج احمد بلوچ ، فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شکیل احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالہادی و دیگر نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا کو بریفنگ دی ۔ انہوں نے محکمہ فشریز کو ہدایت کی کہ ڈام بندر میں ماہی گیروں کو احتیاطی تدابیر اور آگاہی فراہم کرنے کے لیے شکایت سیل قائم کیا جائے تاکہ ماہی گیروں کو بروقت مدد مل سکے ۔ کھلی کچہری کے دوران ماہی گیروں نے سونمیانی اور ڈام بندر میں پینے کے پانی کی قلت اسکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری سمیت دیگر مسائل کی شکایات پیش کیں ۔ اس موقع پر کمشنر سائرہ عطا نے اعلان کیا کہ آئندہ کھلی کچہری ڈام بندر میں منعقد کی جائے گی جس میں ماہی گیروں کو فرنٹ پر رکھا جائے گا ۔ ان کے مسائل سنے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی ۔ کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے حالیہ دنوں کشتی حادثے میں مالک قادری ہاشمانی بلوچ کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے صوبائی حکومت کو خط لکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ اجلاس کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وندر سیف علی مغل ، فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے چیئرمین میر اکبر زہری ، وائس چیئرمین ایڈووکیٹ ارشاد پارس مگسی ، ماہی گیر رہنما و سابق چیئرمین فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی سردار کامران لاسی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرزاق انگاریہ ، حاجی عبدالحمید مانڈڑہ ، محمد انور موندرہ ، وڈیرہ لطیف مانڈڑہ ، وڈیرہ سلیم کاکانی ، وڈیرہ یعقوب ، اشرف اقبال بلوچ ، بلدیاتی نمائندگان آصف ونو بلوچ ، سیکرٹری عنایت اللہ راٹھور ، جمیل احمد قریشی ، فیض محمد خاصخیلی ، غلام محمد انگاریہ ، فہیم عثمان لاسی ، مشتاق موندرہ ، تحصیلدار وندر خداداد ، رحمت اللہ راجپوت ، صحافیوں مہراللہ الفت ، سلطان انگاریہ ، صدام ساجدی ، اقبال حسن انگاریہ ، محمد رمضان لاسی سمیت دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی وندر سرکل کنراج محمد جان ساسولی ، ایس ایچ او عبدالحق موسیانی ، اسٹاف کمشنر عبدالسلام گزوزئی ، مرتضی شیخ و دیگر بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

WhatsApp
Get Alert