عمران خان کا سپاہی ہوں، ٹیپو سلطان بننے کے لیے تیار ہوں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا اعلان

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ کہتے تھے کہ یا تو ٹیپو سلطان بننا ہے یا بہادر شاہ ظفر بننا ہے، میں عمران خان کا سپاہی ہوں اور ٹیپو سلطان بننے کے لیے تیار ہوں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ٹیپو سلطان کہتے تھے کہ شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب ڈرے ہوئے ہیں کیونکہ آپ کا وزیراعلیٰ کوئی فکس میچ نہیں کھیلتا، اسی لیے یہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں، میں آپ کو یہ جنگ جیت کر دکھاؤں گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ عمران خان نے ہمیں ہمیشہ پُرامن رہنے کا کہا ہے، ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کریں گے اور جیت کر دکھائیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ طاقتور کو ہمیشہ آئین، قانون اور جمہوریت تکلیف دیتی ہے۔
انہوں نے گورنر راج کے ممکنہ نفاذ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج لگا کر دکھائیں، خیبر پختونخوا کے نوجوان آپ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے کے عوام اور نوجوان آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
