کوئٹہ، حکومت بلوچستان اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب، اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ موخر
حکومتی یقین دہانی پر کسان اتحاد کے صدر خالد بھٹ نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کی درخواست اور کامیاب مذاکرات کے بعد کسان اتحاد نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور دھرنا موخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق صوبائی وزیر علی مدد جتک اور رکن صوبائی اسمبلی میر جہانزیب مینگل پر مشتمل حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے صدر خالد بھٹ سے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی حالات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات کے دوران حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے صدر کو ان کے تمام جائز مطالبات کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی، جسے قبول کرتے ہوئے خالد بھٹ نے لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کیا۔ معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات مثبت پیش رفت کی جانب ایک اہم قدم ہیں، اور حکومت کسان برادری کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر کسان اتحاد کے صدر نے حکومتی وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
