کوئٹہ کے علاقے ہنہ میں دلخراش واقعہ، ماں نے چھریوں کے وار کر کے دو معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا
ایک سالہ نعمت اللہ اور 20 روزہ بچی حمیدہ موقع پر دم توڑ گئے، ملزمہ خاتون نے خود کو بھی شدید زخمی کر لیا

پولیس نے زخمی خاتون اور لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر کے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کوئٹہ کے علاقے تھانہ ہنہ کی حدود میں گورک بائی پاس کے مقام پر ایک انتہائی افسوسناک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ماں نے مبینہ طور پر چھری کے پے در پے وار کر کے اپنے دو معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق اس دلخراش واقعے کے نتیجے میں ایک سالہ بیٹا نعمت اللہ اور بیس روزہ بچی حمیدہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملزمہ خاتون نے مبینہ طور پر خود کو بھی چھری کے وار سے شدید زخمی کر لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ہنہ پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شدید زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا ہے، جبکہ دونوں معصوم بچوں کی لاشیں بھی قانونی کارروائی اور ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے اس لرزہ خیز واقعے کے پس پردہ محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
