عوام کیلئے بڑی خبر، اسٹیٹ بینک نے انعامات دینے کا اعلان کر دیا


کراچی(قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ترسیلاتِ زر انعامی اسکیم کا افتتاح کردیا، جس کے تحت بینکاری ذرائع سے رقم بھیجنے والوں کو سالانہ 16 ارب روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام شروع کی جانے والی اس اسکیم کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی اور بینکاری ذرائع سے ترسیلاتِ زر بھیجنے کی ترغیب دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ فروری 2023 میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 3 ارب ڈالر رہ گئے تھے، تاہم اب یہ بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ زرمبادلہ ذخائر بیرونی قرضوں کے بجائے مارکیٹ سے زرمبادلہ خرید کر بڑھائے گئے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر کو ملکی معیشت کیلئے اہم قرار دیا۔
ان کے مطابق مالی سال 2019 میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر 21.7 ارب ڈالر تھیں، جو مالی سال 2026 میں بڑھ کر 41.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔
اس اسکیم کے تمام اخراجات بینکاری صنعت خود برداشت کرے گی اور قومی خزانے پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ اسکیم کے تحت ہر سال 10 ہزار سے زائد افراد میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
پی بی اے کے سی ای او منیر کمال کے مطابق پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری 2027 کو ہوگی، جس میں یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2026 کے دوران موصول ہونے والی ترسیلات شامل ہوں گی۔ قرعہ اندازی مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف ہوگی جبکہ اسکیم میں شرکت مفت ہوگی۔
ہر سہ ماہی میں 4 ارب روپے مالیت کے 2521 نقد انعامات دیے جائیں گے۔ پہلے انعام میں 10 کروڑ روپے کا ایک انعام، دوسرے انعام میں 2.5 کروڑ روپے کے 20 انعامات، تیسرے انعام میں ایک کروڑ روپے کے 100 انعامات جبکہ چوتھے انعام میں 10 لاکھ روپے کے 2400 انعامات شامل ہوں گے۔
اسکیم میں وہ وصول کنندگان اہل ہوں گے جو مسلسل تین ماہ تک اپنے بینک اکاؤنٹ میں ہر ماہ کم از کم 100 ڈالر وصول کریں گے۔ ہر 100 ڈالر پر ایک ڈیجیٹل انٹری نمبر دیا جائے گا، جبکہ زیادہ رقم بھیجنے پر انٹریز کی تعداد بھی بڑھ جائے گی۔
انعامات کیلئے مختلف خطوں کا کوٹہ بھی مقرر کیا گیا ہے، جس میں 50 فیصد خلیج تعاون کونسل کے ممالک، 15 فیصد برطانیہ، 15 فیصد یورپ، 10 فیصد شمالی امریکہ اور 10 فیصد دیگر ممالک کیلئے مختص ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert