طبی شعبے سے وابستہ زیرِ تعلیم طلبہ پر پشتون قومی ذمہ داریاں دیگر طبقات کی نسبت زیادہ ہیں، ہر میدان میں آگے بڑھ کر کردار ادا کریں: نصر اللہ خان زیرے

تعلیمی اداروں میں سیاست پر پابندی کی کوششیں ناکام ہوں گی، طلبہ تنظیموں پر عائد پابندیاں فوری ختم کی جائیں

بدامنی اور دہشت گردی کے پیچھے معدنی وسائل پر قبضے کے مقاصد چھپے ہیں، ریاست فوری مؤثر کارروائی کرے: بولان میڈیکل یونیورسٹی میں پی ایس او کی تقریب سے خطاب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سابق ممبر صوبائی اسمبلی نصر اللہ خان زیرے، پشتونخوا سٹوڈنٹ آرگنائزیشن (PSO) کے صوبائی سیکرٹری وارث افغان اور پشتونخوا نیپ ڈاکٹرز یونٹ سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد پانیزئی نے کہا ہے کہ طلبہ پر پشتون قومی ذمہ داریاں دیگر طبقات کی نسبت زیادہ عائد ہوتی ہیں، بالخصوص طب کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز اور زیرِ تعلیم میڈیکل طلبہ کو اپنی قوم کی فلاح و بہبود کے لیے ہر میدان میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیاست ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے اور طلبہ کو اس ذمہ داری سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا سٹوڈنٹ آرگنائزیشن بولان میڈیکل یونیورسٹی کالج کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ فیئر ویل اور ویلکم پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے یونٹ سیکرٹری ڈاکٹر سمیع اللہ خان، ڈاکٹر فہیم خان، پی ایس او کی صوبائی ڈپٹی سیکرٹری زرمینہ خپلواک اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید ناصر نے انجام دیے۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد پانیزئی، ڈاکٹر امان خان، ڈاکٹر مزمل خان، حاجی فضل الرحمن الکوزئی اور پی ایس او کے صوبائی ایگزیکٹو ممبران سمیت کثیر تعداد میں طلبہ موجود تھے۔

تقریب کے دوران میڈیکل طلبہ نے مختلف ڈرامے اور دلچسپ خاکے پیش کیے جبکہ نواب آف ٹھیری کے پوتے عمران خٹک نے روایتی انداز میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بولان میڈیکل یونیورسٹی کالج یونٹ کی جانب سے نصر اللہ خان زیرے، وارث افغان، فضل الرحمن الکوزئی اور ڈاکٹر سمیع اللہ خان کو روایتی پشتنی دستار پہنائی گئی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران تعلیمی اداروں میں سیاست پر پابندی عائد کرنے کی جو ناکام کوشش کر رہے ہیں، وہ ناقابل قبول ہے کیونکہ تعلیمی ادارے سیاسی اور فکری شعور کے مراکز ہوتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبہ سیاست پر عائد تمام پابندیاں ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، تعلیمی ادارے مختلف مسائل کا شکار ہیں اور اساتذہ کو تنخواہوں اور پنشن کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بولان میڈیکل یونیورسٹی کالج کی صورتحال بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے جہاں طلبہ کی آواز اور ان کی سیاست کو محدود کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مقررین نے موجودہ امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پشتونخوا وطن اور پشتون بلوچ صوبہ مکمل طور پر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور حالیہ قومی سانحات میں ہمارے بہت سے قیمتی انسان شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ان حالات کے پسِ پشت علاقے کے قیمتی معدنی وسائل پر قبضے کی کوششوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردی اور بدامنی پھیلا کر عوام کو نقل مکانی پر مجبور کرنا دراصل معدنی وسائل پر قبضے کی راہ ہموار کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ پشتونخوا سرزمین کو مسلح گروہوں اور دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کے اعزاز میں پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert