لانگ مارچ ملتوی ہونے کے باوجود خیرآباد پل بند، حکومت عوام کو دانستہ اذیت دے رہی ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے لانگ مارچ ملتوی ہونے کے باوجود آج بھی خیرآباد، اٹک پل کو بند کرکے حکومت عوام کو دانستہ طور پر اذیت دے رہی ہے۔ آئینِ پاکستان شہریوں کو پُرامن اجتماع کا حق دیتا ہے اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت بھی آئینی حق ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا حکومت سیاسی سرگرمی روکنے کے نام پر عام شہریوں کی آمدورفت بند کرکے نہ صرف عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہی ہے بلکہ آئینی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ پہلے پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا کو گندم کی سپلائی بند کی، اب خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان عوامی آمدورفت بھی بند کی جا رہی ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، سیاسی اختلافات کا بدلہ عوام سے نہ لے اور فوری طور پر خیرآباد پل سمیت تمام بند راستے کھولے۔

اسد قیصر نے کہا آج رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان کے بھتیجے سے ملاقات ہوئی۔ فضل محمد خان کو رشکئی انٹرچینج کے قریب سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح افراد کی جانب سے مبینہ طور پر اغوا کرکے لے جانا انتہائی تشویش ناک اور قابلِ مذمت ہے۔ فضل محمد خان عمران خان کے دیرینہ ساتھی ہیں اور پارٹی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات ہیں۔ ان شاء اللہ جلد چارسدہ کا دورہ کرکے فضل محمد خان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کروں گا۔ کسی بھی شہری، سیاسی کارکن یا منتخب نمائندے کو قانون سے ماورا اقدامات کے ذریعے ہراساں یا لاپتہ کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ آئین اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنانا ہوگی۔ ان شاء اللہ ظلم و جبر کا یہ دور جلد ختم ہوگا، کیونکہ اس ملک کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے جو آئین، قانون کی حکمرانی، جمہوریت اور اپنے بنیادی حقوق پر یقین رکھتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert