ٹک ٹاکر علی زین بخاری ریاست مخالف ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف پروپیگنڈہ اور حساس مواد پھیلانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر لاکھوں فالوورز رکھنے والے ٹک ٹاکر سید علی زین بخاری کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق ذرائع اور اعلیٰ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے دوران یہ اطلاع ملی تھی کہ ٹک ٹاکر سید علی زین بخاری اپنے مختلف ڈیجیٹل ہینڈلز بالخصوص ٹک ٹاک پلیٹ فارم کے ذریعے مبینہ طور پرریاست مخالف مواد، قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف نازیبا بیانیہ اور نفرت انگیز ویڈیوز وائرل کر رہے ہیں، معاملے کا فوری اور سخت نوٹس لیتے ہوئے این سی سی آئی اے اسلام آباد کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار ٹک ٹاکر سید علی زین بخاری کا بنیادی طور پر تعلق خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ سے ہے اور وہ ڈیجیٹل دنیا میں وسیع اثر و رسوخ رکھتے ہیں، ان کے مرکزی ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 3.8 ملین یعنی 38 لاکھ سے زائد فالوورز اور سبسکرائبرز موجود ہیں، جس کے باعث ان کی جانب سے وائرل کی جانے والی کوئی بھی ویڈیو یا مواد منٹوں میں لاکھوں اور کروڑوں لوگوں تک پہنچ جاتا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ گرفتاری کے بعد سید علی زین بخاری کو فوری طور پر این سی سی آئی اے اسلام آباد کے مرکزی سائبر کرائم تھانے منتقل کر دیا گیا جہاں ان کے موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو تحویل میں لے کر ان کا فرانزک تجزیہ شروع کر دیا گیا، ملزم کے خلاف الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون پیکا ایکٹ اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کیس درج کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، ان سے ریاست مخالف ویڈیو بنانے کے مقاصد اور اس کے پیچھے موجود ممکنہ سہولت کاروں یا محرکات سے متعلق مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert