آپریشن شعبان اور دیگر کارروائیوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا اظہارِ اطمینان
دشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیر اعلی بلوچستان
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن شعبان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔الیکٹرانک میڈیا کے لیے جاری کردہ ٹکرز اور اہم تفصیلات کے مطابق، وزیر اعلی بلوچستان نے بتایا کہ آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد منظم ٹھکانوں کو مثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ اس کامیاب آپریشن کے دوران اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔مختلف اضلاع میں ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ مند کے علاقے میں کی گئی کارروائی کے دوران بھی 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران پورے بلوچستان میں مجموعی طور پر 71 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ بزدل دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں کبھی بھی بدامنی پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ بلوچستان کے غیور اور امن پسند عوام صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ فتنہ الخوارج اور دہشت گردی کے خلاف یہ فیصلہ کن کارروائیاں اس ناسور کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ویژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا عزم غیر متزلزل ہے اور ریاست دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
