نئے ٹیکسز کے خلاف پی ایم اے مرکز کی 30 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال اور طبی مراکز کی بندش کی کال، بلوچستان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

صحت کوئی تجارتی کاروبار نہیں، نجی ہسپتالوں پر POS سسٹم اور ایف بی آر کے چھاپے کھلی ہراسانی اور ناقابلِ قبول ہیں


اگر ظالمانہ ٹیکسز واپس نہ لیے گئے تو غریب عوام کے لیے علاج مزید مہنگا ہو جائے گا: پی ایم اے بلوچستان کا انتباہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے)بلوچستان نے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر)کی جانب سے ڈاکٹروں اور نجی طبی اداروں پر نافذ کیے گئے نئے ٹیکس نظام کے خلاف پی ایم اے مرکز کی جانب سے 30 ستمبر کو کی جانے والی ملک گیر ہڑتال اور طبی مراکز کی مکمل بندش کی کال کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایم اے بلوچستان کے صدر ڈاکٹر نعیم زرکون اور پوری کابینہ اس فیصلے کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ترجمان پی ایم اے بلوچستان نے اپنے جاری کردہ بیان میں دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ صحت ایک بنیادی عوامی خدمت ہے، کوئی تجارتی کاروبار نہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے طبی خدمات کو ریٹیل تجارت کے زمرے میں شامل کرنا، نجی ہسپتالوں پر پوائنٹ آف سیل (POS) نظام زبردستی مسلط کرنا، بھاری جرمانے عائد کرنا اور طبی اداروں پر چھاپے مارنا سراسر ناانصافی اور ناقابلِ قبول ہے۔ ڈاکٹروں اور نجی طبی مراکز کو لاکھوں روپے جرمانے کے نوٹس جاری کرنا کھلی ہراسانی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی طرح بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کی جانب سے صوبے کے نجی ڈاکٹروں اور کلینکس پر عائد کیا گیا ٹیکس بھی صریحا ناانصافی ہے، جسے پی ایم اے بلوچستان یکسر مسترد کرتی ہے۔ ایک طرف وفاقی سطح پر طبی برادری کو دبا میں لایا جا رہا ہے اور دوسری طرف صوبائی سطح پر اضافی ٹیکس کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اور نجی طبی ادارے پہلے ہی باقاعدگی سے انکم ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور ملک کے شعبہ صحت کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ اکیلے پورا کر رہے ہیں۔ ان ظالمانہ ٹیکسز کا سب سے بڑا نقصان غریب عوام کو اٹھانا پڑے گا، کیونکہ ہر ٹیکس کا مالی بوجھ بالآخر غریب مریض پر منتقل ہوتا ہے۔ بلوچستان جیسے پسماندہ اور پس ماندہ صوبے میں، جہاں عوام پہلے ہی علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہیں، ان غیر سنجیدہ اقدامات سے علاج مزید مہنگا ہو جائے گا اور عام آدمی کی پہنچ سے بالکل دور ہو جائے گا۔پی ایم اے بلوچستان نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر فوری طور پر پی او ایس (POS) کی شرط واپس لیں، ڈاکٹروں کو جاری کردہ تمام جرمانے منسوخ کریں اور طبی اداروں پر چھاپوں اور ہراسانی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی صوبائی حکومت اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی نجی ڈاکٹروں اور کلینکس پر عائد کردہ تمام اضافی ٹیکس فوری طور پر واپس لیں۔ کسی بھی قسم کی نئی پالیسی بنانے سے پہلے سنجیدہ طبی برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔آخر میں ترجمان نے صوبے بھر کے تمام ڈاکٹروں، نجی ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز کے مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ 30 ستمبر کی اس ملک گیر ہڑتال کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر یہ ظالمانہ اقدامات اور نوٹسز فوری طور پر واپس نہ لیے گئے تو پی ایم اے مرکز کی ہدایت پر آئندہ کے سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert