کوئٹہ میں فٹبال میچ کیلئے آنیوالی ٹیم کو ڈاکوئوں نے لوٹ لیا 20 کھلاڑیوں سے موبائل فونز اور نقدی چھین لی
سیکیورٹی خدشات پر سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے ایونٹ میں شرکت سے گریز کیا: سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کوئٹہ میں جاری چیف منسٹر گولڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے کراچی سے کوئٹہ آنے والی ڈسٹرکٹ ویسٹ فٹ بال ٹیم سمیت بس میں سوار تمام مسافروں سے مستونگ اور سریاب کے درمیان مبینہ طور پر مسلح رہزنوں نے ایک گھنٹے تک لوٹ مار کی، جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں اور دیگر مسافروں سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی۔ڈسٹرکٹ ویسٹ فٹ بال ٹیم کے منیجر ذوالفقار علی بھٹو کے مطابق کراچی ویسٹ کی 20 رکنی ٹیم چیف منسٹر گولڈ کپ فٹ بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے کوئٹہ آ رہی تھی کہ مستونگ کے قریب مسلح افراد نے بس کے آگے گاڑی کھڑی کرکے اسے روک لیا۔ ان کے مطابق درجن سے زائد مسلح افراد نے چہروں پر ڈھاٹے باندھ رکھے تھے اور جدید اسلحے کے زور پر بس میں سوار مسافروں کو یرغمال بنا کر ایک گھنٹے تک تلاشی لی ذوالفقار علی بھٹو کا کہنا تھا کہ مبینہ رہزنوں نے مسافروں اور کھلاڑیوں سے قیمتی موبائل فونز اور نقدی چھیننے کے ساتھ بعض افراد کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ لوٹ مار کے بعد مسلح افراد نے بس کو جانے کی اجازت دی، جس کے بعد ٹیم کوئٹہ پہنچی۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ پہنچنے کے بعد واقعے سے ٹورنامنٹ کے منتظمین کو آگاہ کیا گیا اور بتایا کہ کھلاڑیوں کے پاس ناشتے تک کے پیسے موجود نہیں رہے۔ ان کے مطابق واقعے کے بعد کھلاڑی شدید خوف کا شکار ہیں، جس پر ٹورنامنٹ منتظمین نے تمام کھلاڑیوں کو ڈیلی کے اخراجات فراہم کیے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے مزید بتایا کہ واقعے کی رپورٹ بلوچستان کی وزیر کھیل کو بھی پیش کردی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ لوٹ مار کے دوران کھلاڑیوں کو ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے اور ٹیموں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ دریں اثناء سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اعظم نے ڈسٹرکٹ ویسٹ ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کے باعث سندھ کی ٹیم کو بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے نہیں بھیجا گیا تھا اور سندھ کے کلبوں کو بس یا ٹرین کے ذریعے سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں سندھ کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے بھی شرکت نہیں کی۔ واقعے کے بعد فٹ بال حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں اور کھیلوں کی ٹیموں کو سفری تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑی بلا خوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
