آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات شروع، ایندھن ریلیف اور صحت و تعلیم کے اخراجات پر تحفظات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (EFF) کے چوتھے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (RSF) کے تیسرے جائزے پر باضابطہ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔ آئی ایم ایف مشن کی قیادت آئیوا پیٹرووا کر رہی ہیں۔
مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی پیش رفت، اقتصادی اصلاحات پر عملدرآمد اور طے شدہ اہداف کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ RSF پروگرام کے تیسرے جائزے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے کے بعد معاشی دباؤ کے باعث فراہم کیے جانے والے ایندھن ریلیف کو مستحق گھرانوں تک محدود رکھا جائے۔ مشن نے اس مقصد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کے اخراجات کے مقررہ اہداف پورے نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران تعلیم اور صحت پر مجموعی اخراجات تقریباً 370 ارب روپے کم رہے، جبکہ ان دونوں شعبوں کے لیے مجموعی ہدف تقریباً 3.5 کھرب روپے تھا۔
آئی ایم ایف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے حسابات میں 853 ارب روپے کے شماریاتی فرق کی وضاحت بھی طلب کرلی ہے اور پوچھا ہے کہ اس فرق کو دور کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو آئی ایم ایف مشن کے ساتھ آن لائن اجلاس کیا اور فنڈ کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف مشن کی سربراہ کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات اور اعتراضات کا جواب بھی دیا، تاہم ان کے جواب کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
آئی ایم ایف کا موجودہ جائزہ پاکستان کے جاری 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کا حصہ ہے، جبکہ مشن ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تحت بھی پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔
