ایف بی آر کے نئے ٹیکس قوانین کیخلاف نجی اسپتالوں اور کلینکس میں ڈاکٹرز کی ہڑتال

اسلام آباد)(قدرت روزنامہ)پاکستان میڈيکل ایسوسی ایشن کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں ایف بی آر کے نئے ٹیکس قوانین کے خلاف نجی اسپتالوں اور کلینکس میں ہڑتال کی گئی۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) فیصل آباد کے صدر ڈاکٹر رائے عارف اور دیگر عہدیداران نے ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل نظام اور صحت کی سہولیات پر سیلز ٹیکس کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے نجی اسپتالوں اور کلینکس میں علامتی ہڑتال کی جا رہی ہے۔
پی ایم اے کا کہنا ہے کہ صحت پر ٹیکس کا براہ راست بوجھ مریضوں پر پڑے گا، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایم اے عہدیداران نے کہا کہ ڈاکٹرز ٹیکس قوانین کی پاسداری کرتے ہیں، تاہم صرف طبی شعبے کو سروسز پر ٹیکس کے لیے ہدف بنانا قابل قبول نہیں۔
پی ایم اے عہدیداران کا کہنا تھا کہ احتجاج مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور وہ ملک میں افراتفری نہیں چاہتے۔
پی ایم اے نے مطالبات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں اسپتال بند کرنے کا آپشن موجود ہے۔
