لوگوں کے گھروں میں داخل ہو کر اغوا کرنا کون سی بلوچیت ہے؟ شرپسند عناصر کو جھل مگسی میں داخل نہیں ہونے دیں گے: نوابزادہ میر نادر خان مگسی

گنداواہ میں امن و امان پر گرینڈ جرگہ، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اعادہ


گنداواہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ضلع انتظامیہ اور پولیس کے زیر اہتمام نولنگھ ہال میں امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی سندھ نوابزادہ میر نادر خان مگسی بلوچستان کے صوبائی وزیر نوابزادہ میر زرین خان مگسی، نوابزادہ میر جعفر خان مگسی اور نوابزادہ میر عزیر خان مگسی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔جرگے میں ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان، ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی، قبائلی رہنما میر فرحان سہراب خان مگسی سمیت گنداواہ شہر کے معززین و معتبرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔جرگے کے دوران ضلع جھل مگسی، بالخصوص گنداواہ میں امن و امان کی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا، جبکہ امن و امان کی بہتری کے لیے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔اس موقع پر نوابزادہ میر نادر خان مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران نواب مگسی کے ریسٹ ہاؤس پر حملے، گھروں میں داخل ہونے اور لوگوں کو اغوا کرنے کے واقعات ناقابلِ قبول ہیں۔ لوگوں کے گھروں میں داخل ہوکر انہیں اغوا کرنا کون سی بلوچیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھل مگسی ہو یا گنداواہ دونوں ہمارے گھر ہیں کسی کو آنچ آنے نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ ہم بھی بلوچ ہیں اور اب فیصلہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو جھل مگسی میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ شرکاء متحد اور مضبوط رہیں اور کسی کو اپنے اوپر زیادتی کرنے کی اجازت نہ دیں۔نوابزادہ میر نادر خان مگسی نے کہا کہ جھل مگسی اور گنداواہ دونوں ہمارے شہر ہیں، ان کے امن و تحفظ کے لیے ہم اپنا خون بھی دیں گے۔جرگے سے گنداواہ شہر کی معروف شخصیت سید سلطان شاہ بخاری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنداواہ کے عوام نے ہمیشہ نواب فیملی کے ساتھ کھڑے ہوکر بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ گنداواہ کے عوام امن پسند ہیں اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ گنداواہ کے عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور علاقے میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر مثبت اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔جرگے کے شرکاء نے علاقے میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انتظامیہ، پولیس، پاک فوج اور قبائلی عمائدین کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert