وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات، اہم قانونی اور پارلیمانی امور پر گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں اہم قانونی اور پارلیمانی امور پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن سے پس پردہ رابطوں کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاز صادق نے وزیر اعظم کو پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کی تفصیلات بھی بتائیں۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس طلب کیے جانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس سے پہلے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کے پی میں امن وامان کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، ملاقات میں پی ٹی آئی لانگ مارچ اور بیک ڈور رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صورتحال پر غور کے لیے صدر اور وزیراعظم کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے پی میں ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے تعاون کرے گی۔
ادھر پیپلز پارٹی کے نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی سے مشورہ مانگا تو آئين کے تحت تجاویز دیں گے۔ تحریک تحفظ آئین کی اے پی سی کا دعوت نامہ بلاول بھٹو کو بھیج دیا ہے، شرکت کا فیصلہ سی ای سی اجلاس میں ہوگا۔
