عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی! فی بیرل 89 ڈالر کی سطح پر آگیا

نیویارک(قدرت روزنامہ)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے خلیجی ممالک سے تیل کی ترسیل میں بہتری اور امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں غیر متوقع اضافے نے سپلائی سے متعلق خدشات کو کم کردیا جس کے نتیجے میں جمعرات کو تیل کی قیمتیں ایک فیصد سے زیادہ نیچے آگئیں۔
تازہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق 0420 GMT تک برینٹ خام تیل کی قیمت 1.1 فیصد کم ہوکر 96.92 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 1.4 فیصد کمی ہوئی اور یہ 89.18 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
ماہانہ بنیادوں پر ستمبر برینٹ کے لیے نمایاں رہا جس کی قیمت میں تقریباً 14 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ جولائی کے بعد برینٹ کی ایک ماہ کے دوران سب سے بڑی پیش رفت ہے۔ دوسری جانب WTI کی قیمت میں ستمبر کے دوران تقریباً 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 25 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں امریکی خام تیل کے ذخائر 9 لاکھ 22 ہزار بیرل بڑھ کر 427.3 ملین بیرل ہوگئے۔ اس کے برعکس رائٹرز کے سروے میں ماہرین نے ذخائر میں 2 لاکھ 64 ہزار بیرل کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔
ادھر گولڈمین سیکس کے تخمینے کے مطابق خلیجی خطے سے تیل کی یومیہ برآمدات گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 33 لاکھ بیرل تک بحال ہوئی ہیں۔ اس تخمینے میں ایسی برآمدات بھی شامل ہیں جن میں بعض آئل ٹینکرز اپنی نقل و حرکت کی نشاندہی کرنے والے ٹرانسپونڈر بند رکھتے ہیں۔
گولڈمین سیکس نے منگل کو جاری کردہ رپورٹ میں بتایا کہ ستمبر کے دوران خلیجی خطے سے تیل کی برآمدات دوگنا ہوئیں جبکہ گزشتہ ہفتے ریکارڈ کی گئی یومیہ برآمدات 2025 کی اوسط سطح کے قریب پہنچ گئیں۔
