زیارت میں سفاکانہ واردات: نامعلوم افراد نے 70 پھل دار درخت کاٹ ڈالے، باغبان کا روزگار تباہ
انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش، ملوث عناصر کا سراغ لگا کر سخت سزا دی جائے: اہل علاقہ

زیارت(ڈیلی قدرت کوئٹہ) نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیارت کے علاقے روست کچھ میں ایک باغ میں موجود تقریبا 70 کے قریب سیب کے پھل دار درخت کاٹ دیے۔واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ باغ مالکان اور مقامی افراد نے درختوں کی کٹائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی افراد کے مطابق نامعلوم افراد نے رات کے وقت باغ میں داخل ہوکر بڑی تعداد میں پھل دار سیب کے درخت کاٹ ڈالے اور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے باعث باغ مالک کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے درخت کاٹنے میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے
