جوبلی لائف انشورنس اور یونی کریو سلوشنز کے درمیان ڈیجیٹل انشورنس آن بورڈنگ کے لیے شراکت داری


کراچی(قدرت روزنامہ)جوبلی لائف انشورنس نے یونی کریو سلوشنز کے ساتھ مل کر ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم (MBVS) سے ہم آہنگ ڈیجیٹل انشورنس آن بورڈنگ سلوشن متعارف کرانے کے لیے شراکت داری کرلی۔
اس شراکت داری کے تحت جوبلی لائف انشورنس نادرا کے MBVS معیارات کے مطابق ڈیجیٹل شناخت کی تصدیق کے لیے کیمرہ بیسڈ فنگر پرنٹ اور چہرے کی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت استعمال کرے گی، جس سے صارفین کی ریموٹ شناخت کی تصدیق ممکن ہوگی۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد شناخت کی تصدیق کے عمل کو مزید مضبوط بنانا، دستی تصدیق پر انحصار کم کرنا اور انشورنس کے لیے آن بورڈنگ کے عمل کو زیادہ آسان، محفوظ اور قابل رسائی بنانا ہے۔
جوبلی لائف انشورنس کے ایم ڈی اور سی ای او جاوید احمد نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن صارفین کے مالیاتی خدمات تک رسائی اور تجربے کو تبدیل کر رہی ہے اور انشورنس کا شعبہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ یونی کریو سلوشنز کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے محفوظ اور قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ڈیجیٹل آن بورڈنگ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جوبلی لائف انشورنس ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے صارفین کا اعتماد بڑھانے، سہولت بہتر بنانے اور زیادہ مربوط صارف تجربہ فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
یونی کریو سلوشنز کے سی ای او محمد نوید شریف نے کہا کہ جوبلی لائف انشورنس کے ساتھ MBVS سے ہم آہنگ ڈیجیٹل انشورنس آن بورڈنگ کے لیے تعاون پر خوشی ہے۔ یہ شراکت داری محفوظ اور آسان صارف آن بورڈنگ کو مضبوط بنانے کے ساتھ پاکستان کے انشورنس شعبے میں ڈیجیٹل ٹرسٹ اور ریگولیٹری کمپلائنس کو آگے بڑھائے گی۔
جوبلی لائف انشورنس کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان میں انشورنس خدمات کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اور قدم ہے، جو محفوظ اور قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ ڈیجیٹل صارف تجربے کو فروغ دینے کے ساتھ مالیاتی خدمات کے شعبے میں بائیومیٹرک شناخت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert