افواج پاکستان کی سعودی عرب کیخلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) افواج پاکستان نے سعودی عرب کیخلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی کیا، پاک فوج نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی، حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے عزم کا بھرپوراعادہ کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس میں مکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جُرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
کانفرنس کے شرکاء نے شہداءکی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شرکاء کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔ فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کو سراہا۔
دہشتگردی کے خاتمے کے لئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے لازم ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے، یہ بھی ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عملات پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم Terror-گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے۔
پولیس کی استعدادِ کار کو بھی بڑھانا ہوگا۔ پاکستان کے لئے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی جواز پر، پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔ اعلامیہ کور کمانڈرز کانفرنس کے مطابق کورکمانڈرز فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اس کو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی کیا۔ شرکاء کانفرنس نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار ِیکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپوراعادہ کیا۔ شرکاء کانفرنس کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے۔ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
