رونالڈو اور پرتگال کے کوچ کے درمیان کیا ہوا؟ کیمپ چھوڑنے کی وجہ سامنے آگئی

پرتگال (قدرت روزنامہ)کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کے تربیتی کیمپ سے اچانک روانہ ہونے کے معاملے پر نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ہسپانوی صحافی اور رونالڈو کے قریبی دوست ایڈو اگوئیر کے مطابق معاملہ صرف ناروے کے خلاف میچ میں اسٹار فٹبالر کو بینچ پر بٹھانے تک محدود نہیں تھا۔ اگوئیر کے مطابق رونالڈو نے تقریباً 30 منٹ تک وارم اپ کیا، تاہم اس کے باوجود انہیں میدان میں نہیں اتارا گیا، جس پر وہ ناراض ہوگئے۔
بعد ازاں رونالڈو کی پرتگال کے کوچ جارج جیزس اور فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا سے نجی ملاقات ہوئی۔ صحافی کے دعوے کے مطابق ملاقات میں کوچ نے رونالڈو سے معذرت کی اور مبینہ طور پر یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ پریس کانفرنس میں اپنی غلطی تسلیم کریں گے۔
تاہم پریس کانفرنس میں جیزس نے ایسا کوئی اعتراف نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کے انتخاب اور میچ سے متعلق فیصلے کرنا کوچ کی ذمہ داری ہے۔ اگوئیر کے مطابق نجی ملاقات میں کی گئی مبینہ یقین دہانی اور بعد میں دیے گئے عوامی بیان میں فرق نے رونالڈو کو شدید مایوس کیا، جس کے بعد انہوں نے تربیتی کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
رونالڈو نے بعد میں اپنی روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت آنے پر پرتگالی شائقین کو اس معاملے کی اصل وجہ بتائیں گے۔ تاہم کوچ جارج جیزس یا پرتگالی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے نجی ملاقات میں معذرت یایقین دہانی سے متعلق ایڈو اگوئیر کے دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ رونالڈو کے اچانک پرتگال اسکواڈ چھوڑنے کے معاملے میں انہیں ممکنہ طور پر 6 ماہ کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert