4 اکتوبر کو لانگ مارچ ہر حال میں ہوگا، منزل اسلام آباد ہی ہے، شوکت یوسفزئی

پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو ہر حال میں ہوگا اور اس کی منزل اسلام آباد ہی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ لانگ مارچ پرامن ہوگا جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کا انحصار حکومتی رویے پر ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لانگ مارچ جنوبی اضلاع سے شروع ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی جنوبی اضلاع سے آنے والے جلوس کی قیادت کریں گے جبکہ مالاکنڈ ڈویژن کے جلوس کی قیادت صوبائی صدر جنید اکبر خان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع، پشاور، مالاکنڈ اور ہزارہ سے آنے والے جلوس صوابی میں اکٹھے ہوں گے، جس کے بعد اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 4 اکتوبر کو پرامن لانگ مارچ ہر حال میں ہوگا اور لانگ مارچ کی منزل اسلام آباد ہی ہے۔
ان کے مطابق پارٹی کی جانب سے مارچ کی تیاری کی جا رہی ہے اور کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ابھی تک مذاکرات کو حوصلہ افزا قرار دے سکتا ہوں۔
دونوں فریقین نے اپنا اپنا مدعا رکھ دیا ہے اب دیکھنا ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے، مذاکرات کی کامیابی کا انحصار حکومت کے رویے پر ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی، انہیں اسپتال منتقل کرنا اور ان کے کیسز کی جلد سماعت اہم مطالبات میں شامل ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے گورنر راج کے حوالے سے کہا کہ یہ مسائل کا حل نہیں، اس سے صورتحال مزید گمبھیر ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو پشاورسے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے جبکہ پارٹی قیادت کی جانب سے مارچ کو پرامن رکھنے کے حوالے سے بھی بیانات سامنے آئے ہیں۔
