حکومت نے دوہری شہریت سے متعلق قواعد 2026 پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے بیوروکریٹس کی دوہری شہریت سے متعلق قواعد 2026 پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق تمام سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن اپنے کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو جمع کرانا ہوگا، قواعد کے گزٹ میں نوٹیفکیشن کے بعد 90 روز کے اندر غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانا لازم قرار دیا گیا ہے۔
ڈیکلریشن میں سول سرونٹ اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی جبکہ غیر ملکی سفری دستاویزات اور کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی تفصیلات بھی ظاہر کرنا ہوں گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ڈیکلریشن جمع نہ کرانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غلط ڈیکلریشن جمع کرانے یا ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والے سول سرونٹس کے خلاف سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
متعلقہ افسران کو بھی غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلریشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو نئی ہدایات سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام چیف سیکریٹریز اور صوبائی پولیس افسران کو بھی اسی نوعیت کی کارروائی کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
