آپ عمران خان کی رہائی سے اب صرف ملاقات پر آگئے ہیں؟ صحافی کا سوال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے غیرمتعلقہ سوال کرنے پر صحافی کو جھاڑ دیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافی نے بیرسٹر گوہر سے سوال کیا کہ آپ عمران خان کی رہائی کروانے سے اب صرف ملاقات پر آگئے ہیں؟ جس پر بیرسٹر گوہر خان نے جواب دیا کہ عمران خان کی رہائی قومی مسئلہ ہے اس کو ٹک ٹاک کیلئے استعمال نہ کریں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی حل نہیں ہے۔ اس موقع پر رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ فارم 47 والی بات پر قائم ہوں آپ میرے منہ میں الفاظ نہ لائیں۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ ہمارا آئینی قانونی حق ہے اس کو کوئی نہیں روک سکتا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے ٹویٹ کے مطابق آج اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے نمائندگان کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور قومی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مذاکرات میں سردار ایاز صادق، محسن نقوی، سینیٹر شیری رحمان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، اعجاز جاکھرانی، نوید قمر، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام نے حکومتی و اتحادی وفد کی نمائندگی کی، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان، علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجہ شریک ہوئے۔ مختلف سیاسی و قومی معاملات پر کھل کر تبادلۂ خیال ہوا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ سیاسی اختلافات کو مذاکرات، باہمی مشاورت اور پارلیمانی فورم کے ذریعے حل کیا جائے۔
۔ جمہوریت میں اختلافِ رائے فطری ہے، لیکن قومی مسائل کا پائیدار حل مکالمے اور سیاسی مفاہمت ہی سے ممکن ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ مذاکرات ملک میں سیاسی استحکام، باہمی اعتماد اور پارلیمانی روایت کے فروغ کی جانب مثبت پیش رفت ثابت ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert