صومالیہ میں جاں بحق 3 پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی کیلیے انتظامات حتمی مرحلے میں داخل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کی میتوں کی منتقلی کیلیے انتظامات تیز کردیے گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی میتوں کی کراچی منتقلی کے انتظامات جاری ہیں اور تینوں کی میتیں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس بابا پہنچا دی گئیں۔
ایتھوپین ایئرلائنز کا عملہ تابوتوں اور میتوں کی ضروری تیاری کا جائزہ لے رہا ہے، جس کے بعد کراچی جانے والی پرواز میں میتوں کی روانگی کے لیے حتمی منظوری دی جائے گی۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق متعلقہ حکام میتوں کی پاکستان منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سید کاشف عمر، احمد انصاری اور رفیع للہ کی میتوں کو پاکستان واپس لانے کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی تھی ۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز مرحوم کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے والد سمیت دیگر میتوں کی جلد از جلد پاکستان منتقلی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
