تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا لکی مروت سے آغاز


لکی مروت (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف نے خیبرپختونخواہ سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی اور دیگر پارٹی قائدین خصوصی کنٹینر پر سوار ہیں، ان کے ساتھ عوام کی ایک بہت بڑی تعداد اس لانگ مارچ میں شریک ہے۔
لانگ مارچ کے آغاز پر گنڈی چوک لکی مروت میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی سکیورٹی اور دہشت گردی سے متعلق پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ وفاقی حکومت کو کھلی دعوت دیتا ہے کہ جو پالیسی پچھلے پانچ سال سے آپ نے صوبے میں نافذ کر رکھی ہے، اس سے دہشت گردی ختم نہیں ہوئی بلکہ اس میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دورِ حکومت میں تین سال تک صوبے میں مکمل امن رہا کیونکہ ان کی پالیسی درست تھی، لیکن رجیم چینج کے بعد ایک بار پھر دہشت گردی کو ہوا دی گئی، صوبے میں یہ آگ وفاق کی اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لگی ہوئی ہے اور جو خود آگ لگاتے ہیں وہ کبھی اسے بجھا نہیں سکتے، لیکن اس آگ کو اب ہم خود بجھائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ سو دن کے اندر خیبرپختونخواہ میں امن آ سکتا ہے، لیکن ان کا یہاں امن لانے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ یہ ہمیشہ سے پختونوں کے دشمن رہے ہیں، ان کی نیت پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی ہے لیکن کسی کا باپ بھی پی ٹی آئی کو ختم نہیں کر سکتا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اکثر فرماتے ہیں کہ انسان کے ہاتھ میں صرف نیت اور کوشش ہے، جبکہ کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہماری نیت نیک ہے اور ہم اپنا سو فیصد دیں گے، اگر آج میں یہاں ڈٹ کر کھڑا ہوں تو میرے پاس نہ ٹینک ہے، نہ بندوق اور نہ گولیاں، یہ صرف آپ عوام کی طاقت ہے جس کے بل بوتے پر میں یہاں کھڑا ہوں۔
ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آج عمران خان ان ظالموں کے سامنے نہیں جھک رہے اور نہیں ٹوٹ رہے، تو اس کی اصل طاقت آپ عوام ہیں، آپ لوگوں نے گھروں سے نکلنا ہے، پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ اس ملک کے اصل مالک آپ ہیں، وہ لوگ نہیں جو بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert