کوئٹہ کے علاقے لور کاریز میں ریلوے پٹڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، مسروقہ سامان برآمد، ایف آئی آر درج


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کوئٹہ کے علاقے لور کاریز میں ریلوے پٹڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے ریلوے پٹڑی سے اتارا گیا سامان بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ پیر کی شام لور کاریز کے مقام پر ریلوے پٹڑی کی دیکھ بھال پر مامور اہلکار معمول کے مطابق گشت کررہے تھے کہ دوران گشت انہوں نے ریلوے ٹریک کے بعض حصوں میں غیر معمولی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے اہلکاروں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے ایک ملزم ظہیر احمد ولد مولا بخش کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ریلوے پٹڑی کے نٹ، کلپس اور دیگر اتارا گیا سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔ شاہد رند کے مطابق ابتدائی معائنے کے دوران ریلوے ٹریک کے مختلف مقامات پر نٹ اور کلپس کھلے ہوئے پائے گئے،

جس سے پٹڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا انکشاف ہوا۔ واقعے کے بعد ریلوے ٹریک کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا تاکہ ٹرینوں کی آمدورفت اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے انہوں نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایف آئی آر نمبر 183/2026 کے تحت درج کرلیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس واقعے میں کسی دوسرے فرد کے ملوث ہونے اور اس کے پس پردہ محرکات کا بھی جائزہ لے رہی ہے معاون وزیر اعلیٰ شاہد رند نے کہا کہ ریلوے ٹریک اور دیگر قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور اہم قومی تنصیبات کی حفاظت کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert