عمران خان کے کزن قاسم زمان کو تحویل میں لے لیا گیا

وہ سابق وزیراعظم سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آئے تھے جہاں سے قاسم زمان کو پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کر دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے کزن قاسم زمان کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق قاسم زمان بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات کے مقررہ دن پر ان سے ملنے کے لیے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے تھے، جہاں پولیس نے انہیں فیکٹری ناکے سے تحویل میں لے کر قریبی پولیس چوکی منتقل کر دیا، اس واقعے کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے قاسم زمان کی فوری رہائی اور اس معاملے کو حل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطے شروع کردیئے۔


پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے کزن قاسم زمان کی پولیس کی جانب سے تحویل میں لیے جانے کے واقعے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے انتہائی شدید ردعمل کا اظہار کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ قاسم زمان کو اٹھا لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قاسم زمان ایک مکمل طور پر غیر سیاسی شخص ہیں جنہوں نے آج تک نہ تو کوئی پریس کانفرنس کی ہے اور نہ ہی کبھی میڈیا سے کوئی بات چیت کی ہے، ایسے غیر سیاسی اور پرامن شخص کو اس طرح حراست میں لیا جانا انتہائی افسوسناک عمل ہے، خدارا! لوگوں کو اس طرح اٹھانے کا سلسلہ اب بند کیا جانا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert