شمالی وزیرستان اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 18 خوارج ہلاک

 

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)شمالی وزیرستان اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں 18 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھے ہوئے تھیں، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز عزم استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کیں، جن میں مستونگ کے علاقے میں فتنۃ الہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ وطن عزیز کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

WhatsApp
Get Alert