مستونگ میں فورسز کا بڑا ایکشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک، آپریشن ردالفتنہ 3 اہم پیش رفت ہے: وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی

سیاہ پشت اور کلی گشتری میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد، علاقے میں سرچ آپریشن جاری


بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، امن کے دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقوں سیاہ پشت اور کلی گشتری میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیے جانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں، مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 5 دہشت گردوں کا مارا جانا صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں ایک انتہائی اہم پیش رفت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں چھپے دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اپنی ذمہ داریاں پوری جرات اور مستعدی سے انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری آپریشنز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، جبکہ امن کے دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert