’فیول اسکیم مستحقین تک محدود ہو‘، آئی ایم ایف کا وسیع پیمانے پر فیول اسکیم فوری ختم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد اب پاکستان کو 1.21 ارب ڈالر مل جائیں گے، آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 1.21 ارب ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان نے معاشی اہداف کےحصول کے لیے بہترین کوششیں کیں، پاکستان میں آئی ایم ایف کے پروگرام سے معاشی استحکام آیا، پاکستان میں اصلاحات کا عمل تیز تر ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان میں جولائی تا مارچ 2026 میں معاشی ترقی 4 فیصد رہی، مشرق وسطیٰ بحران سے شرح نمو 3.6 فیصد تک متاثر ہوئی، مئی 2026 میں افراط زر بلند ترین سطح پر پہنچا، ترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رکھا۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ سبسڈی کو مزید وسعت نہ دی جائے اور صرف مستحقین تک محدود ہو، مہنگی اور وسیع پیمانے پردی جانے والی فیول اسکیم فوری ختم کی جائے۔
اعلامیے کے مطابق تیل کی قیمتیں بڑھنےکی صورت میں فیول سپورٹ محدود، ہدفی اور مخصوص مدت تک رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق توانائی اصلاحات اور واجبات کی وصولی بہتر کی جائے، پیداواری لاگت میں کمی کے اقدامات کیے جائیں، گیس سیکٹر میں وصولیاں بہتر اور نقصانات کم کیے جائیں۔
آئی ایم ایف نے کہا ہےکہ اسٹیٹ بینک مہنگائی کی مناسب حد تک سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھے، پاکستان ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھائے،توانائی شعبے میں بروقت ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور لاگت کم کرنے والی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
