مولانا فضل الرحمان کی حکومت اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے ثالثی کی پیشکش

حکومتی وفد کی ملاقات کے بعد سربراہ جے یو آئی ف نے رابطہ کرکے حکومتی آفر تحریک انصاف تک پہنچادی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر سیاسی میدان میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی۔
بحوالہ ذرائع میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد جے یو آئی ف کے سربراہ نے فوری طور پر تحریکِ انصاف کی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومت کی جانب سے لائی جانے والی پیشکش اور تجاویز پی ٹی آئی تک پہنچائیں، اس اہم رابطے کے بعد پی ٹی آئی نے فوری طور پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں پارٹی کی تمام سرکردہ قیادت شریک ہو کر آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو یہ مشورہ دیا تھا کہ ملک میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کے بجائے سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، مولانا کے اس مشورے کے بعد حکومت نے حرکت میں آتے ہوئے ان سے باقاعدہ کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومتی وفد نے سربراہ جے یو آئی ف سے ملاقات کی تھی، اس وفد میں وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری شامل تھے، اس حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، جس میں موجودہ سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert